سپریم کورٹ نے خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈکےاجراءسے متعلق کیس نمٹا دیا
سپریم کورٹ میں خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ کے اجراء سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈز کے اجراء کا عمل جاری ہے۔ مزید 21 خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈز کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن نےخواجہ سراؤں کو شناختی کارڈز کے اجراء سے متعلق رپورٹ جمع کروائی۔ ڈاکٹر سہیل انور نے کہا کہ دنیا میں صرف 9 ممالک میں خواجہ سراؤں کے لیے قانون سازی کی گئی ہے۔ خواجہ سراؤں کے لیے قانون سازی پاکستان کے کریڈٹ پر ہے ۔ قانون سازی کے مطابق خواجہ سراؤں کو اب شناخت ملے گا۔ خواجہ سراؤں کے لیے ویلفیئر پالیسی بنانے والا پاکستان واحد ملک ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز کے اجراء کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔عدالت نے حکم دیا کہ خواجہ سراؤں کے حقوق سے متعلق کمیٹی نے اپنی رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کروائیں۔ صوبائی حکومتیں ان رپورٹس کی روشنی میں اپنا کام جاری رکھیں ۔ سپریم کورٹ نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز کے اجراء سےمتعلق ازخود نوٹس نمٹادیا۔