مہنگائی نے عوام کو دن میں ہی تارے دکھا دیے ہیں ، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مہنگائی نے عوام کو دن میں ہی تارے دکھا دیے ہیں ۔ گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اور ناروا اضافہ کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں بھی پونے چار روپے فی یونٹ بڑھانے کی تیاری آخری مراحل میں ہے ۔ عوام کی مشکلات حل نہ ہوئیں تو لوگوں کا سیاسی نظام پر سے اعتماد اٹھ جائے گا ۔ الیکشن اب بھی جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہے ۔ عام آدمی امیدوار بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔ کارکن ایک نظریاتی جدوجہد کے لیے تیار رہیں اور نچلی سطح تک تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کریں ۔ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اجتماع میں ارکان سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قیام پاکستان کا مقصد ملک میں شریعت کے نظام کا نفاذ تھا لیکن 70سال میں قوم کو وہ نظام حکومت اور سیاست نہیں مل سکا جس کے لیے ہمارے بزرگوں نے آگ اور خون کا دریا عبور کیا تھا ۔ آج بھی سیاست اور ریاست پر ان لوگوں کا قبضہ ہے جنہوںنے جائز و ناجائز طریقے سے دولت کے انبار لگا رکھے ہیں اور الیکشن سمیت پورے ریاستی نظام کو یرغمال بنارکھاہے ۔