جنگی منصوبوں کی جانچ کے لئے پاک بحریہ کی بڑی مشق سی سپارک 2018 کا انعقاد
پاک بحریہ کی اہم مشق سی سپارک 2018 کی افتتاحی بریفنگ آج کراچی میں منعقدہوئی جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے۔ یہ مشق ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہو ئے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کے جائزے اور آپریشنل منصوبوں کی جانچ کے لئے ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے۔ دو ماہ پرمحیط یہ مشق بحیرہ عرب اور جیوانی سے لے کر سرکریک تک پاکستان کی ساحلی پٹی پر منعقد کی جائے گی۔ اس مشق میں پاکستان آرمی، ائیر فورس اور وزارت دفاع، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور خزانہ کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی بریفنگ کے دوران ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نے مشق کا عمومی جائزہ پیش کیا جس کے بعد فورس کمانڈرز نے اپنے آپریشنل منصوبوں پر پریزنٹیشنز دیں۔اس مشق میں پاک بحریہ کے تمام یونٹس، جہاز، سب مرینز، ایئر کرافٹ، ڈرونز سکواڈرن، پاک بحریہکے اسپیشل سروسز گروپ اور پاک میرینز کے علاوہ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ، پاک آرمی اور ایئر فورس کے ایلیمنٹس (elements) حصہ لے رہے ہیں۔ پاک بحریہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہر دم تیا ر ہے ۔ حالت جنگ ہو یا حالت امن پاکستان نیوی قومی بحری مفادات کے تحفط کے لئے مکمل طور پر پر عزم ہے۔ سی سپارک 18 کا انعقاد خطے میں بحری امن، تحفظ اور استحکام کے لئے پاکستانی عزم کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔