پاکستان چین کی غربت ،بدعنوانی کے خاتمے اور زرعی ترقی کے تجربات سے استفادہ کر نے کا خواہشمند ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی پاکستان کے عوام کے لئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے صدر شی چن پنگ کا پاکستان اورچین کو آہنی بھائی قرار دینا ناقابل تردید حقیقت کا عکاس ہے ، صدر شی ایک عظیم سیاستدان ہیں ، پاکستان کے عوام ان کی بہترین سیاست کاری کے بہت زیادہ مداح ہیں، پاکستان چین کی غربت کے خاتمے ، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی کے حوالے سے تجربات ،مہارتوں، ٹیکنالوجی اور اس شعبے میں بہترین سرگرمیوں کے تبادلے سے استفادہ کر نے کا خواہشمند ہے ، پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے جبکہ چینی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی نے تمام علاقائی اور عالمی فورمز پرغربت کے خاتمے کے ایجنڈا سے نمٹنے ، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی سمیت تمام معاملات پر پاکستان کو چین کی ہر قسم کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا ایک فلیگ شپ پروجیکٹ ہے جس کا ایک نیا پاکستان بنانے میں انتہائی اہم کردار ہو گا ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان چین کی غربت کے خاتمے ، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور زرعی ترقی کے حوالے سے مہارتوں، ٹیکنالوجی اور اس شعبے میں بہترین سرگرمیوں کے تبادلے سے استفادہ کرنا چاہے گا ۔ انہوں نے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک فلیگ شپ پروجیکٹ قرار دیا اور کہا کہ اس کا ایک نیا پاکستان بنانے میں انتہائی اہم کردار ہو گا ۔