برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا، آج صدر اور وزیراعظم سے ملاقات ہوگی
برطانوی شاہی جوڑا خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ائیربیس پر پہنچا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا جبکہ برطانوی ہائی کمشنر بھی ائیربیس پر موجود تھے۔] شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو شاہ محمود قریشی نے گلدستہ پیش کیا۔ برطانوی شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر ان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو خیر مقدمی پینٹنگز سے سجادیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 4 روزہ دورے میں 15 اکتوبر کو صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ دورہ پاکستان کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو ایک اسکول کا بھی دورہ کریں گے اور شاہی مہمان اسی دن ایک فلاحی پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔ برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن 16 اکتوبر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے اور ایک ایس او ایس ویلج کا بھی دورہ کریں گے، دورہ لاہور کے دوران شاہی مہمان نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔