پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا
دوحہ: پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا، انعام بٹ نے جارجیا کے پہلوان کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ تفصیلات کے مطابق دوحہ میں منعقد ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ کی 90 کلو گرام کیٹیگری میں پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے جارجیا کے پہلوان کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔ انعام بٹ نے فائنل میں جارجیا کے ریسلر داتو مارسا گیشولی کو 2-5 سے شکست دے۔ جیت کے بعد پاکستانی پہلوان نے قومی پرچم لہراتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا اور سجدہ کیا۔ پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے آذربائیجان، پرتگال، جارجیا اور ترکی کے پہلوانوں کو گروپ باؤٹس میں شکست دی۔ انعام بٹ دوحہ میں ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد ایتھلیٹ ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشین نے انعام بٹ کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انعام نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، انعام کی جیت تمام ایتھلیٹس کے لیے ایک مثال ہے۔