روس اور سعودی عرب دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے پُرعزم
روسی صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انھوں نے یہ بات ریاض میں سرکاری دورے پر آمد کے بعد شاہ سلمان سے ملاقات میں کہی ہے۔ان کے درمیان یہ بات چیت ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کی گئی ہے۔صدر پوتین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نوّے سال سے سفارتی تعلقات استوار ہیں اور گذشتہ سال ان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں پندرہ فی صد اضافہ ہواہے۔ انھوں نے کہا کہ مشرقِ اوسط کے پورے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب اور روس کے درمیان تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
شاہ سلمان نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان دوطرفہ سمجھوتوں کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع ملے گا۔
صدر پوتین کے اس دورے کے موقع پرسعودی عرب اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں دو ارب ڈالرز سے زیادہ مالیت کے معاہدوں اور سمجھوتوں پر دست خط متوقع ہیں۔