برطانوی شاہی جوڑے کا اسلام آباد میں گرلز ہائی اسکول کا دورہ
اسلام آباد: برطانیہ کے شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن نے آج گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق دورے کے موقع پر اسکول کی انتظامیہ نے شاہی جوڑے کواسکول سے متعلق بریفنگ دی شاہی جوڑے کو پاکستان میں تعلیمی نظام سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ جبکہ شاہی جوڑے نے اسکول کے مختلف حصے دیکھے اور ریاضی کی جماعت کامعائنہ بھی کیا، وہ اسکول کے طلبا میں گھل مل گئے۔ واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر آج رات اسلام آباد پہنچے ہیں ان کی آمد پر نورخان ایئربیس پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ یاد رہے کہ شاہی جوڑا پاکستان کے پانچ روزہ دورے کے دوران شمالی علاقہ جات ، خیبرپختونخوا اور چترال کا بھی دورہ کرے گا۔شاہی جوڑے کی دیگر مصروفیات کے علا وہ صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی طے ہے۔