جاپان میں خطرناک سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 67ہوگئی
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان ہیگی بس کے جاپان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا نے کے باعث کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ میٹرولوجیکل حکام کے مطابق سال کی 40 فیصد بارش ایک ہی دن میں صرف دو علاقوں میں ریکارڈ کی گئی ہے ۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ اس طوفان نے ملک کے 47 صوبوں میں سے 36 کو متاثر کیا ہے ۔جاپان میں دوروز قبل آنے والے اس سمندری طوفان سےسینکڑوں مکانات منہدم ہوگئے جبکہ کئی پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں اور ڈیڑھ لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے افراد کوبچانے کےلیے ہزاروں کی تعداد میں پولیس، فائر فائیٹرز، کوسٹ گارڈز اور ملٹری اہلکار ریلیف آپریشن میں حصّہ لے رہے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ 92 ہزار گھر اب بھی بجلی سے محروم ہیں جبکہ 70 لاکھ سے زائد افراد طوفان کے باعث اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے جبکہ شیلٹر ہومز میں صرف 50 ہزار افراد موجود ہیں۔ میٹرولوجیکل حکام کے مطابق طوفان سے ناگانو، میاگی اور فوکوشیما کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ سمندری طوفان ہیگی کی تباہ کاریوں کے باعث جاپان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان منعقد ہونے والے رگبی کے عالمی کپ کے تین میچز بھی منسوخ ہوچکے ہیں۔ جاپانی حکام نے خطرے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں احتیاطی ہدایات جاری کردی ہیں ۔