آرمی چیف کراچی کو برباد ہونے سے بچالیں۔ مصطفی کمال
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ آرمی چیف کراچی کو برباد ہونے سے بچالیں ،وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کی صفائی مہم ناکام ہو گئی ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ کے باہر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹی گورنمنٹ، وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کی صفائی مہم بھی ناکام ہوگئی ،کراچی میں تیسری صفائی مہم جاری ہے لیکن صفائی نظر نہیں آرہی مہم سے نہیں نظام سے کراچی صاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کو ستر فیصد ریونیو دیتا ہے اسکے نظام کے لیے بھی آرمی چیف ثالثی کا کردار ادا کریں،آرمی چیف کے علاوہ کوئی بھی اس شہر کا حل پیش نہیں کر سکتا، میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کراچی کو برباد ہونے سے بچائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے فور پر 20 ارب سے زائد پیسہ لگانے کے بعد نیسپاک کی رپورٹ آئی ہے کہ کے فور کا روٹ صحیح نہیں ، یہ کراچی نہیں بلکہ ملک کے خلاف سازش ہورہی ہے۔کراچی میں سگ گزیدگی کے واقعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ بند ہوئی تولوگ ڈینگی اور کتے کے کاٹنے سے مر رہے ہیں۔اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے نیب ریفرنس پر پی ایس پی سربراہ مصطفی کمال سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت انتیس اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔