پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو اشتعال انگیز قرار دیکر مستردکردیا،پاکستان کی مسلح افواج اورعوام مادروطن کادفاع کرنا جانتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے ہریانہ میں انتخابی ریلی کے دوران دیے گئے بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے ایک سینئر وزیر کی جانب سے اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے انتہا پسندانہ نظریے، سامراجی عزائم اور پاکستان مخالف ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے کہ بھارتی وزیر دفاع ایک خودمختار ملک کو توڑنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ عالمی برادری اس پر توجہ دے گی۔ساتھ ہی دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ راج ناتھ سنگھ کو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور یہ دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہم انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بھی ان کے منفی بیانات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت پہلے خود مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف دہائیوں سے جاری ریاستی دہشت گردی کو بند کرنے میں اپنی مدد کرے، اس کے ساتھ ساتھ بھارت، پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنا بھی بند کرے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ایک قائم شدہ طریقہ کار ہے کہ جب بھارت میں انتخابات ہوتے ہیں تو بی جے پی کی قیادت اپنے امیدواروں کی حمایت کے لیے پاکستان مخالف جذبات کو بھڑکانے پر انحصار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ انتخابی فائدے کے لیے مقامی سیاست میں پاکستان کو گھسیٹنے کے بجائے بی جے پی کو اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لینا چاہیے۔خیال رہے کہ بھارت کے وزیر دفاع نے ایک انتخابی ریلی میں پاکستان کے خلاف پھر ہرزہ سرائی کی تھی۔