وزیراعظم عمران خان ملت اسلامیہ میں اتحاد و یگانگت اور افہام و تفہیم کے داعی بن کر ابھر رہے ہیں: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملت اسلامیہ میں اتحاد و یگانگت اور افہام و تفہیم کے داعی بن کر ابھر رہے ہیں۔وہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب گئے ہیں۔ سعودی قیادت سے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ تعلقات، عالمی و علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط استوار ہیں۔ باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے مزید مضبوط ہوئے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔