ہنگامہ آرائی مقدمہ 'رانا ثنا، کیپٹن (ر) صفدر نامزد لیگی رہنمائوں کی ضمانتوں میں 17 اکتوبر تک توسیع
انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت نے مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر ہنگامہ کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر)صفدر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 17 اکتوبر تک توسیع کر دی۔جمعرات کو لاہور میں انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے مقدمے کی سماعت کی اور ریمارکس دیئے کہ ملزمان وقت پرعدالت کیوں نہیں پہنچ رہے ہیں۔ (ن) لیگ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس رات سے لیگی رہنماوں اور کارکنوں کے گھر پر چھاپے مار رہی ہے، رہنما رات اپنے گھروں میں نہیں سوئے اس وجہ عدالت آنے میں مشکل ہو رہی ہے۔وکیل فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ وزرا ء رات کو ٹی وی پر بیٹھ کر کہتے ہیں کہ صبح رانا ثنا ء اللہ نے گرفتار ہونا ہے۔جج ارشد حسین بھٹہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے جو فیصلہ کرنا ہے قانون کے مطابق کرنا ہے، کسی فریق کو یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ عدالت جانبدار ہے۔وکیل فرہاد علی شاہ نے عدالت سے استدعا کی کہ آج اس کیس کا فیصلہ نہ کیا جائے، جس کے بعد عدالت نے کیس میں نامزد لیگی رہنماوں کی عبوری ضمانتوں میں 17 اکتوبر تک توسیع کر دی۔