نوجوان انتظار قتل کیس:عینی شاہد و مقتول کی دوست نے ملزمان کو شناخت کرنے سے انکار کردیا
انسدادہشتگردی کی عدالت میں اے سی ایل سی اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان انتظار قتل کیس میں مقدمہ کی عینی شاہد و مقتول کی دوست نے ملزمان کو شناخت کرنے سے انکار کردیا۔ عدالت نے گواہ کو بیان ریکارڈ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اے سی ایل سی اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان انتظار قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت گواہ مدیحہ کیانی نے کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کو پہچانے سے انکار کردیا۔ گواہ نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں مقتول انتظار کی دوست تھی ، واقعے کے وقت مقتول انتظار کے ساتھ تھی ، عدالت میں موجود ملزمان نے انتظار کا قتل نہیں کیا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے۔ استغاثہ کے مطابق انتظار قتل کیس میں اے سی ایل سی پولیس کے 8 اہلکار گرفتار ہیں ، 13 جنوری 2018 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان انتظار جانبحق ہوگیا تھا۔