بھارت،پاکستان کیخلاف جھوٹی اور زہریلی مہم بند کرے: ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں اسلام کیخلاف بڑھتے ہوئے پراپیگنڈے اور بھارت میں مسلمانوں کو منظم انداز میں تشدد کا نشانہ بنانے کیخلاف احتساب کا مطالبہ کیا گیا ہے۔آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ بھارت اور غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال نے عالمی برادری کی توجہ حاصل کی ہے۔گجرات قتل ِ عام، دہلی فسادات اور آسام میں مسلمانوں پر حالیہ حملوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ترجمان نے زور دیا کہ عالمی سطح پر بھارت سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کیخلاف جھوٹی اور زہریلی مہم بند کرے، انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی مذمت کی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے تاہم کبھی بھی بھارتی گھنائونے اور جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی کسر نہیں چھوڑیں گے۔امریکہ کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان واشنگٹن کے ساتھ متوازن اور وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے۔افغان صورتحال کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بارہا ایک پُرامن، مستحکم اور خود مختار افغانستان کا عزم ظاہر کیا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ عالمی برادری کے مسلسل اور تعمیری روابط فوری انسانی ضروریات، اقتصادی استحکام اور پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہیں۔