ورلڈ کپ: انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت لیا
بھارت میں کھیلے جا رہے کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا آج 13 واں میچ کھیلا جا رہا ہے۔ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ افغانستان نے نجیب اللہ زردان کی جگہ اکرام علی خیل کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ کوشش ہے کہ اپنے کھیل میں بہتری لاتے رہیں۔ افغان ٹیم اچھی ہے اسے کم سے کم اسکور پر محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔ افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے تھے۔ پچ بیٹنگ کیلیے سازگار لگ رہی ہے اور 300 رنز اس پچ پر اچھا اسکور ہوگا۔ آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، جونی برسٹو، جو روٹ، ہیری بروکس، لیام لیونگ اسٹون، کرس ووکس، سام کورن، عادل رشید، مارک ووڈ، ریسے ٹاپلی۔ افغانستان: حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، ابراہیم زردان، رحمت شاہ، رحمت گرباز، محمد نبی، اکرم علی خیل، عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل حق فاروقی۔ دفاعی چیمپئن نے رواں میگا ایونٹ میں دو میچز کھیلے ہیں جن میں ایک میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی ہے اور وہ دو پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جب کہ افغانستان نے بھی دو میچ کھیلے اور دونوں ہار کر پوائنٹ ٹیبل پر سب سے آخر میں دسویں نمبر پر موجود ہے۔ پوائنٹ ٹیبل کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ نے اپنے تینوں میچز جیت کر چھ 6 پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر میزبان ٹیم پہلے اور کیویز دوسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ نے دو میچز کھیلے ہیں اور فتح یاب ہوکر 4 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے جب کہ پاکستان دو میں سے ایک میچ ہارنے کے بعد 4 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔