لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی، مزید بارش کی پیشگوئی
لاہور میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے 17 اکتوبر تک لاہور سمیت ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرکا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، اس وقت شہر میں ہوا 5 کلو میٹر گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ساتھ ہی مزید بارش کے امکانات ہیں۔ دوسری جانب محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد فضائی آلودگی میں کمی ہوئی ہے، شہر کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس 147 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور 17 ویں نمبر پر آگیا۔