7 کمپنیوں نے اوگرا کی جانب سے لائسنس معطل کرنے کےخلاف اپیلیں دائر کر دیں

اسلام آباد (قاضی بلال) تیل کا ذخیرہ بہتر بنانے کی بجائے سات کمپنیوں نے اوگرا کی جانب سے لائسنس معطل کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کر دی ہیں جبکہ حسکول نے سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا ہے۔ چھ ستمبر کو اوگرا نے تیل کا ذخیرہ نہ رکھنے پر چھ کمپنیوں کو تیس لاکھ روپے جرمانہ کیا تھا جبکہ اس سے قبل حسکول کو ساٹھ لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا تھا۔ حسکول آئل کمپنی نے سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا ہے اور سندھ ہائیکورٹ نے اوگرا سے پندرہ روز میں جواب طلب کیا۔ دوسری جانب اوورسیز عسکر‘ ٹوٹل‘ پارکو اور ایڈمور‘ بائیکو پٹرولیم‘ باقری نے اوگرا کے رجسٹرار آفس میں درخواستیں دائر کر دی ہیں اور اس میں موقف اختیار کیا ہے وزارت دفاع کی جانب سے این او سی نہیں مل رہا ہے‘ چند ماہ میں ذخائر کا معیار بہتر ہو جائے گا لہٰذا اوگرا اپیلوں کی سماعت کر کے لائسنس بحال کرے۔