رحمن ملک جھوٹے ہیں‘ انہیں سورة اخلاص بھی نہیں آتی: رانا ثناءاللہ

لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ رحمن ملک جھوٹے وزیر داخلہ ہیں ان کو سورة اخلاص تو آتی نہیں ان پر کوئی اعتبار کیا کرےگا‘ وہ اور ان کی وزارت جھوٹی رپورٹیں گھڑنے کی ماہر ہے۔ گورنر پنجاب کو جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں پیپلز پارٹی صرف اپنی کرپشن بچانے کےلئے الگ صوبہ کا نعرہ لگا رہی ہے‘ جسٹس خواجہ محمد شریف کے قتل کی سازش رپورٹ سے ڈاکٹر توقیر شاہ کا کوئی تعلق نہیں‘ راجہ ریاض صرف بونگیاں مارتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر قانون نے کہا کہ رحمن ملک نے چند رز قبل چودھری پرویز الٰہی کی جان کو خطرے کی بھی رپورٹ بھجوائی تھی اب ان کا کیا کیا جائے ان کو ردی کی ٹوکری میں بھی نہیں پھینک سکتے ان کا کچھ نہ کچھ تو کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ کی اکثر رپورٹیں مفروضوں پر مبنی ہوتی ہیں تاہم جسٹس خواجہ محمد شریف قتل سازش کیس رپورٹ میں ڈاکٹر توقیر شاہ کا کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی سرائیکستان کا نام نہیں لیا۔ ریڈیو نیوز کے مطابق رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ انہیں لگتا ہے راجہ ریاض اور گورنر پنجاب لطیف کھوسہ ڈینگی مچھر سے ملے ہوئے ہیں اور وہ اس سازش کا حصہ ہیں۔ پیپلز پارٹی والے اپنی لوٹ مار پر پردہ ڈالنے کے لئے کبھی ڈینگی تو کبھی سرائیکی صوبے کا شوشہ چھوڑتے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ‘ ججز‘ گورنر‘ وزیر اعلیٰ اور نوازشریف کی سکیورٹی بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو استغفار کا خیال کبھی کبھی آتا ہے۔