سمگلنگ کی روک تھام کیلئے 555 آئٹمز پر 35 فیصد کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز

اسلام آباد (عترت جعفری) ملک میں سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے لئے سفارش کی گئی ہے کہ 2008ءمیں 555 آئٹمز پر عائد کی جانے والی 35 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کو ختم کر کے ٹیرف کی زیادہ سے زیادہ سطح کو 25 فیصد کر دیا جائے۔ اس تجویز کی وزارت صنعت و پیداوار اور ایف بی آر نے بھی حمایت کی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان 555 آئٹمز پر ڈیوٹی کو 35 فیصد سے گھٹا کر 25 فیصد کرنے سے 4.5 بلین روپے کاریونیو نقصان ہو گا تاہم جائز طریقہ سے درآمد بڑھنے سے ریونیو کا نقصان پورا کیا جا سکے گا۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت ٹیرف کے 8 سلیب رائج ہیں۔ جن زیرو ریٹ میں 424 ٹیرف لائنز ہیں۔ وزارت صنعت و پیداوار کی تجویز سے آٹو سیکٹر کے ٹیرف سلیب پر نظرثانی سوچ سمجھ کر ہونے چاہئیں کیونکہ آٹوسیکٹر روزگار دینے والا بڑا ذریعہ ہے۔ ایف بی آر نے تجویز کیا ہے کہ عمومی ٹیرف سلیب کو زیرو‘ 20,15,10,5 اور 25 فیصد کر دیا جائے اور جبکہ موجودہ 5 فیصد مالی ٹیرف سلیب کو صفر کر دیا جائے۔ 10 والی کو پانچ کر دیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ ای سی سی کرے گی۔