جمہوریت ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا جمہوریت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 1973 کے متفقہ دستور کا دوسرا نام جمہوریت ہے، قائداعظم کے بعد قائدِ عوام نے پاکستان میں جمہوریت آبیاری کے لیے اقدامات اٹھائے، جمہوریت ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جمہوریت کا مطلب طاقت کا سرچشمہ عوام ہے،شہید بی بی نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی، صدر آصف علی زرداری کو شہید بھٹو اور شہید بی بی کے جمہوری ویژن کی حفاظت کی پاداش میں قید کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوام کی حقیقی منتخب حکومت کی عدم موجودگی جمہوریت نہیں کہلائے گی، پاکستان کے مسائل حل اور اسے ترقی کی شاہراہوں پر گامزن فقط ایک عوامی حکومت کرسکتی ہے،پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے سیاسی، معاشرتی، معاشی، سفارتی اور دیگر محاذ پر جتنی پیش قدمیاں کیں وہ ملکی تاریخ کا روشن باب ہے،حقیقی جمہوریتیں شہریوں کے ٹیکسز سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام ہی کے حقوق غضب کرنے پر نہیں لٹاتیں،جمہوری حکومتیں میڈیا کو دبانے، سیاسی مخالفین کو بدنام کرنے، اور پولیٹیکل ورکرز کے خلاف من گھڑت مقدمات بنانے جیسے فاشسٹ اقدامات پر ضائع نہیں کرتیں،معاشرے میں قانون کی حکمرانی کے سفر کے آغاز کا پہلا قدم حکومتِ وقت کی جانب سے دستور و قانون پر من و عن عملدرآمد سے شروع ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ حکومتِ وقت اور ادارے شہریوں کو قانون کی پاسداری کے بھاشن دیں اور خود دستور کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھیں،پاکستان میں جمہوریت کی خاطر جھوٹے الزامات کا سامنا، قید و بند کی صعوبتیں، پھانسیاں اور جلاوطنیاں کاٹنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں،پیپلز پارٹی اپنے شہید قائدین کے نظریات و ویژن کی پاسداری کرتے ہوئے ملک میں مضبوط جمہوریت کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔