وزیراعظم آزاد کشمیر کا ایل او سی کے تمام سیکٹرز کے ہنگامی دورے کا فیصلہ
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر آج ایل او سی پر بھمبر اور کوٹلی سیکٹر کا دورہ کریں گےجبکہ وزیر اطلاعات مشتاق منہاس اور کابینہ کے دیگر اراکین بھی وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں سے ملیں گےجبکہ کل وزیراعظم آزادکشمیر عباسپور ہجیرہ سیکٹر کا دورہ کریں گے۔ یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو 42 ویں روز میں داخل ہو گیا ۔جس کے باعث سڑکیں سنسان ہیں اور کشمیریوں پر زندگی تنگ کر دی گئی ہے۔ وادی میں خوف کی کیفیت تاحال جاری ہے اور والدین بچوں کو سکولوں میں بھیجنے کو تیار نہیں ہیں ۔ کشمیری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جبکہ راشن اور ادویہ کی بھی قلت کا سامنا ہے۔سوشل میڈیا اور ٹیلیفون کی بندش سے ٹیلی کام سیکٹر سے وابستہ کمپنیوں کو ایک ماہ میں 90 کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔عالمی سطح پر مطالبوں کے با وجود وادی میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر معطل رکھا گیا ہے، اور ذرائع ابلاغ پر بدستور سخت پابندیاں عائد ہیں۔سرینگر ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ کئی مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔وادی میں حریت رہنماؤں سمیت 11 ہزار کشمیری بھی قید اور نظر بند ہیں جبکہ سیکڑوں قیدیوں کو جیلوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث بھارت منتقل کیا جا چکا ہے۔