سونے کی قیمت ایک سال میں 33ہزارروپے اضافہ
سونے کی قیمت میں ایک سال میں 33 ہزار روپے میں اضافے کے بعد سونے کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ۔سونے کا کاروبار کرنے والے صراف کا کہنا ہے کہ ایک سال میں ان کا کاروبار تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے اور سونا عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہو گیا جبکہ مصنوعی زیورات بیچنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے ۔سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروبار کا برا حال ہے ، سونا اتنا مہنگا ہو چکا ہے کہ کوئی خریدار ہی نہیں آتا، کاروبار تباہ ہو چکا، لوگ مصنوعی زیورات سے گزارا کرنا سیکھ رہے ہیں اور آرٹیفیشل جیولری کا کاروبار اب ترقی پا رہا ہے ۔تاجروں کے مطابق جن کی شادی ہونی ہے وہ تو مایوس بھی ہیں اور غصے میں بھی، مگر اس کا حل ہے تھوڑا سا سونا اور باقی آرٹیفیشل جیولری، لوگ سونے کی بجائے اب مصنوعی زیورات خرید تو رہے ہیں، مگر خوشی سے نہیں ۔عوام کا کہنا ہے کہ اصل اور نقل میں فرق تو ہوتا ہی ہے ، دلہن کے لیے سونے کا نعم البدل بھلا کیا ہو سکتا ہے ۔واضح رہے کہ سونے کی قیمت اگست 2018 میں تقریبا 55 ہزار روپے فی تولہ تھی ۔