بااثر ترین مسلم شخصیات کی فہرست میں عمران خان، ملالہ ،مفتی تقی عثمانی اور مولانا طارق جمیل سمیت مزید پاکستانی شخصیات بھی شامل
اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک سینٹر کی جانب سے مسلم دنیا کے 500 بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان سہر فہرست ہیں۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز دوسرے جب کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوئم تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان سے تعلق رکھنے والے نامور مذہبی اسکالر مفتی تقی عثمانی کو چھٹے نمبر پر بااثر ترین مسلم شخصیت قرار دیا گیا ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان 29 ویں اور معروف مبلغ دین مولانا طارق جمیل 40 ویں نمبر پر ہیں۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر ہیں جب کہ دبئی کے شیخ محمد بن زید النہیان 15 ویں اور حزب اللہ کے حسن نصراللہ 23 نمبر پر ہیں۔مصر سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹبالر محمد صالح اس فہرست میں 46 اور عراق کے سیاسی رہنما مقتدا الصدر 47 ویں نمبر پر ہیں۔بااثر اسلامی شخصیات کی اعزازی فہرست میں ملالہ یوسفزئی، حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ، معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر زاکر نائک، مذہبی رہنما شیخ محمد الیاس عطار قادری اور میئر لندن صادق خان بھی شامل ہیں۔پاکستان کے ڈاکٹر عطاء الرحمان، ڈاکٹر قدیر خان،عمر سیف اور ڈاکٹر عرفان صدیقی بھی بااثر مسلم شخصیات کی اعزازی فہرست میں شامل ہیں۔عمران خان کے متعلق درج ہے کہ انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات کیے اور حکومتی اخراجات میں کفایت شعاری اپنائی۔
وزیراعظم کی 22 سالہ سیاسی جدوجہد، کرکٹ میں کامیابیوں، شوکت خانم اسپتال اور تعلیم کے لیے بنائی گئی یونیورسٹی کا کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔پاکستان کے مقبول ترین مذہبی عالم مولانا طارق جمیل بھی اس فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں اسلام کی تبلیغ کی اور لیکچرز دیے۔دیگر پاکستانیوں میں سابق وزیراعظم نوازشریف، جمیعت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، ڈاکٹر فرحت ہاشمی، ڈاکٹرطاہر القادری، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق، جاوید غامدی، بلقیس ایدھی، منیبہ مزاری، شرمین عبید چنائی، ملالہ یوسفزئی، اورعابدہ پروین شامل ہیں۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جب کہ سعودی عرب کے سلمان بن عبد العزیز، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم، ایران کے مذہبی رہنما علی خامنہ ای کو بھی بااثر مسلم شخصیات رکھا گیا ہے۔