وزیر اعظم عمران خان لاہور کا ایک روزہ سرکاری دورہ آج کریں گے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان لاہور کا ایک روزہ دورہ آج کریں گے جس کے دوران پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کی شکست کی وجوہات پر غور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کے اراکین کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ سرکاری دورے کیلئے لاہور پہنچیں گے اور مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے جن کے دوران اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔ایک روزہ دورۂ لاہور کے دوران وزیر اعظم عمران خان وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران اورمقامی عہدیداران سے ملاقات کریں گے اور پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب کابینہ کے سیاسی و انتظامی امور پر بریفنگ دیں گے اور صوبائی حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کریں گے۔ پنجاب کابینہ میں متوقع تبدیلیوں پر غور کیا جائے گا۔دورۂ لاہور کے دوران وزیر اعظم عمران خان آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری سے بھی ملاقات کریں گے ۔جس کے دوران صوبے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال اور گفتگو ہوگی۔