الیکشن کمیشن کی ڈیوٹی ہے تمام جماعتوں کے کھاتوں کی جانچ پڑتال کرے۔فرخ حبیب
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے اکائونٹس دیکھنے کی اجازت دی جائے، الیکشن کمیشن کی ڈیوٹی ہے تمام جماعتوں کے کھاتوں کی جانچ پڑتال کرے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی کے اکائونٹس دیکھنے کی اجازت ہے، ہمیں بھی ن لیگ کے اکائونٹس دیکھنے کی اجازت دی جائے، ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی، ان کے پاس ثبوت نہیں تو قطری خط ہی لے آئیں۔انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کا فارن فنڈنگ کیس 5 سال سے زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن نے کھاتوں کی چھان بین کیلئے سکروٹنی کمیٹی بنا رکھی ہے، سکروٹنی کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوچکے، الیکشن کمیشن کی ڈیوٹی ہے تمام جماعتوں کے کھاتوں کی جانچ پڑتال کرے، پی ٹی آئی، (ن) لیگ، پیپلزپارٹی کے کیس کی ایک ہی سکروٹنی کمیٹی ہے، ن لیگ نے جواب جمع کرایا کہ اپنے اکائونٹس دکھانے کو تیار نہیں،پیپلز پارٹی اپنے اکائونٹس دکھانے کی اجازت نہیں دے رہی، الیکشن کمیشن تمام پارٹیوں کے ساتھ برابری کا سلوک کرے اور آئینی ادارے اپنی ذمے داریاں پوری کریں ۔فرخ حبیب نے کہا کہ شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ٹھپہ مافیا شفاف انتخابات کی مخالفت کر رہا ہے،اپوزیشن صاف شفاف انتخابات کیلئے تجاویز نہیں دے رہی ، الیکشن کمیشن کا احترام اپنی جگہ موجود ہے لیکن اسکی ذمہ داری بھی واضح ہے، تین، تین باریاں لینے والوں نے شفاف الیکشن کیلئے کوئی کام نہیں کیا، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو پر ہمیں درخواستیں دینا پڑتی ہیں، ڈسکہ میں آپ ساری رات جاگ کر نوٹس لیتے ہیں، کبھی آفیشل اکائونٹس سے ٹویٹ ہو جاتے ہیں، کبھی پریس ریلیز آجاتی، فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن پر دھاندلی کا الزام لگایا تھا، دیکھنا ہوگا کہ نوٹسز کا جھکا ئوایک جانب ہی کیوں ہے۔