پی پی ، اے این پی کے رہنمائوں کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات

پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ہے۔بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی،ملاقات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے نیئر حسین بخاری ،فرحت اللہ بابر ،شیری رحمان ،مصطفی نواز کھوکھر اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان،سینیٹرہدایت اللہ وفد میں شامل تھے۔ملاقات کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر الیکشن کمیشن کا موقف آئین و قانون کے مطابق ہے، حکومت کا انتخابی اصلاحاتی بل آئین سے متصادم ہے، حکومت چیف الیکشن کمشنر کیخلاف توہین آمیز گفتگو نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی قانون سازی پر الیکشن کمیشن کا موقف آئین و قانون کے مطابق ہے، ای وی ایم یا دیگر ترامیم آئین سے متصادم ہیں، سیاسی جماعتوں کا الیکشن میں بہت اسٹیک ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، یہ حکومت یا کسی اور ادارے کا کام نہیں، ہم الیکشن کمیشن کو پارلیمان کے اندر اور باہر سپورٹ کریں گے۔