عمران خان کا مسئلہ حل کرنا 3 دن سے زیادہ کا کام نہیں: مریم نواز
نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کا مسئلہ حل کرنا 3 دن سے زیادہ کا کام نہیں ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ہمارے ملک پر آفت آئی ہوئی ہے، حکومت سیلاب زدگان کے لیے پوری کوشش کررہی ہے، شہباز شریف کی کسی صوبے میں حکومت نہیں لیکن وہ ہر جگہ جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ 5 ارب سوشل میڈیا پر جمع کیے اور سوشل میڈیا پر ہی بانٹ دیے، عمران خان گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور دیگر وسائل استعمال کرکے فوٹو سیشن کے لیے جاتے ہیں، آپ کی دو صوبوں میں حکومت ہے، آپ وفاقی حکومت پر سب کچھ ڈال کر پتلی گلی سے نکل نہیں سکتے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا طلال چوہدری، دانیال عزیز اور نہال ہاشمی کو تو معافی نہیں ملی، عدالت کو دیکھنا چاہیے کہ وہ ایک فتنے کو کیوں موقع دے رہے ہیں۔عمران خان کی جانب سے فوری الیکشن کرانے سے متعلق سوال پر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا اگر الیکشن کی تاریخ چاہیے تو پنجاب اور خینبر پختونخوا اسمبلی توڑ دیں۔