پنجاب حکومت نےسرکاری ملازمتوں پر پابندی کے نوٹیفکیشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل کی وساطت سے آئینی پٹیشن دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت حکومت کو عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے نہیں روکا جاسکتا۔ ملازمتوں پر پابندی سے حکومتی اداروں میں انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ عملے کی کمی کے باعث مختلف اداروں میں حکومتی اور سرکاری امور بروقت سرانجام نہیں دیئے جا رہے جس سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے،چیف سیکرٹری کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔