زخمی فلسطینی بچے کی دوران حراست شہادت کی تصدیق
فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی طرف سے زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے 16سالہ فلسطینی لڑکے کی شہادت کی تصدیق ہو گئی ۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے فلسطینی حکام کو بتایا گیا کہ 16 سالہ فلسطینی لڑکا اسحاق عبدالمعطی سویلم اشتیوی جسے 3 اپریل کوغزہ کے علاقے رفح میں سرحدی باڑ کے قریب سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا دوران حراست دم توڑ گیا ۔ تین اپریل کو قابض فوج نے رفح کے علاقے سے سرحدی باڑ کے قریب سے تین فلسطینی لڑکوں کو حراست میں لیا تھا۔ ان میں سے ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں گرفتار ہونے والوں میں سے ایک فلسطینی کی لڑکے کی شہادت کی خبر دی گئی تھی مگر اس کا نام ظاہرنہیں کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ 30مارچ 2018کے بعد اب تک 300کے قریب فلسطینی شہری اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔