حماس کا سعودی عرب میں گرفتار فلسطینیوں کو رہا کر نے کا مطالبہ
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے ایک بار پھرسعودی عرب سے زیرحراست فلسطینیوں بالخصوص بزرگ حماس ر ہنماڈاکٹر محمد الخضری اور ان کے بیٹے انجینئرہانی الخضری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس ر ہنمائوں کی سعودی عرب میں دو سال سے زائد عرصے سے قید کا کوئی جواز نہیں۔ ڈاکٹر الخضری اور ہانی الخضری سمیت درجنوں فلسطینیوں کو بغیر کسی جرم کے قید کیا گیا ۔ترجمان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سعودی عرب انصاف اور قانون پرعمل درآمد کرتے ہوئے حراست میں لیے فلسطینیوںکو فوری رہا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے مملکت کی خدمت کرنے والے فلسطینیوں کی عزت وتکریم کے بجائے انہیں گرفتار کرکے اذیتیں دینے کا ظالمانہ سلسلہ شروع کر رکھا ہے، گرفتار فلسطینیوں کا کوئی جرم بھی نہیں اور انہوں نے سعودی عرب کے کسی قانون کی خلاف روزی نہیں کی ہے۔فوزی برھوم نے سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ ماہ صیام کے موقع پر حراست میں لیے تمام فلسطینیوں کو فوری رہا کرے اور اسیران کو ان کے اہل خانہ سے ملنے کا موقع فراہم کیا جائے۔