روزگار فراہمی، سندھ کے نوجوانوں کے لیے بڑی خوش خبری
اسلام آباد: سندھ میں اسکل اسکالر شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، 21 ہزار سے زائد نوجوانوں نے تربیت کے بعد روزگار حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گھروں کی تعمیر کے بعد روزگار کی فراہمی کا وعدہ پورا کرنے کے عزم کے تحت وزیر اعظم نے کامیاب جوان پروگرام پر کام تیز کر دیا ہے، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے بعد سندھ کے نوجوانوں کے لیے بھی خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم آج سکھر میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب میں شرکت کریں گے، سندھ میں نوجوانوں کے لیے پروگرام کے تحت ساڑھے 3 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی جا چکی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے 21 ہزار نوجوانوں میں ڈیڑھ ارب کی رقم تقسیم ہوئی، جب کہ وزیر اعظم تربیت پانے والے نوجوانوں میں خصوصی سرٹیفیکیٹ تقسیم کریں گے۔ سندھ میں اسکل اسکالر شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا، 21 ہزار سے زائد نوجوانوں نے تربیت کے بعد روزگار حاصل کر لیا ہے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت رقم کے لیے ڈھائی ارب روپے کا بجٹ بھی منظور کیا گیا ہے، 2200 نوجوانوں کو روزگار کے لیے رقم کی تقسیم کا عمل آج سے شروع ہوگا، وزیر اعظم کامیاب قرار پانے والے نوجوانوں میں چیک تقسیم کریں گے۔