بزدار حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ فردوس عاشق
وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوامی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کریں گے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، سہولت بازاروں کی شکل میں عوام کو سستی اشیا خوردونوش فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامی سطح پر کارروائیاں جاری ہیں، گذشتہ 6ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 183 کارروائیاں کی گئیں، 44 گودام سیل، 17 ایف آئی آرز کا اندراج اور 2 لاکھ 76 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا، ذخیرہ اندوزوں سے 47 ہزار 627 چینی کے تھیلے، 3 ہزار 69 چاول کے تھیلے، 40 ہزار 920 کلو گرام گھی، 1 لاکھ 35 ہزار 321 لیٹر کوکنگ آئل برآمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات کا محور و مرکز عام آدمی ہے، بزدار حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، عوامی وسائل اور حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کریں گے۔