ملک میں سوشل میڈیا کی بندش پر وزیر داخلہ کی معذرت
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملک میں 3 گھنٹے کے لیے سوشل میڈیا کی بندش پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت میں کسی کو بھی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔شیخ رشید نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں بطور وزیر داخلہ معذرت خواہ ہوں کہ ہم نے تین گھنٹے کے لیے واٹس، فیس بُک اور انسٹا گرام سمیت سوشل میڈیا کو بند کیا کیونکہ ان کی کال تھی کہ یہ شاید جمعے کے بعد نکلیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس بندش کی بدولت جمعہ پرسکون انداز میں گزرا اور پورے پاکستان میں یہ کہیں باہر نہیں نکلے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ آئندہ عوام کو سوشل میڈیا کی بنش کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پاکستان آگے بڑھے جبکہ ملک کو پیچھے لے جانے اور انتشار پھیلانے والوں کو شکست ہوئی ہے۔