ابھی چور پکڑا گیا ہے۔ قاتل پکڑنا باقی ہے: سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری
مال روڈ لاہور دھرنے سے خطاب میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ چور پکڑا گیا ہے لیکن قاتل ابھی باقی ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں چودہ لاشیں گرانے والے شخص کا نام شہباز شریف ہے۔ جب تک دونوں بھائی انجام کو نہیں پہنچتے انصاف نہیں مل سکتا۔ مظلومیت کا رونا رونے والے نوازشریف بتائیں ووٹ کے تقدس کو کس نے پامال کیا؟ ملک میں چھانگامانگا سیاست کس نے متعارف کرائی۔ ارکان اسمبلی کی بولیاں کس نے لگائیں۔ بینظیربھٹو کی حکومت کس نے ختم کی۔ طاہرالقادری نے وزیراعلی پنجاب کو اشرافیہ کا مطلب سمجھاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اشرافیہ کا لفظ بڑا استعمال کرتے ہیں شاید انہیں اس کا معنی نہیں معلوم۔اشرافیہ کا مطلب ہے شریفوں کی سلطنت۔ آپ ٹھیک کہتے ہیں یہ ملک لوٹ کر کھا گئے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ نوازشریف کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انقلاب یاد آ گیا۔ ان کا انقلاب نواز،شہباز بچاؤ انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا نوازشریف صرف نااہل نہیں ہوئے، انہیں ظلم اور کرپشن کا حساب بھی دینا ہو گا۔ ابھی نوازشریف نے پھانسی کے پھندے پر لٹکنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا اگر شہبازشریف سانحہ ماڈل ٹاؤں میں ملوث نہیں تو انہیں کس بات کا ڈرہے۔ عید کے بعدفیصل آباد،ملتان،راولپنڈی میں احتجاجی دھرنے دیں گے۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے ایک غیرجانبدار کمیشن مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔