اب وائی فائی صرف انٹرنیٹ ہی نہیں چلائے گا، سیکیورٹی میں بھی مدد دے گا
نیو برنس وِک (Rutgers University-New Brunswick) کی جدید تحقیق کے مطابق عام وائی فائی کی مدد سے عوامی مقامات پر اسلحے اور دھماکا خیز مواد کی نشان دہی کی جا سکتی ہے۔
محققین کے مطابق وائرلیس سگنلز خطرناک اور دہشت پھیلانے والی اشیاء کا جائزہ لینے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
سائنسدانوں نے وائی فائی سگنلز کو سیکیورٹی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے کئی مرتبہ آزمائش کی اور اس کے نتائج 95 فیصد درست رہے۔محققین کا کہنا ہے کہ وائی فائی سسٹم روایتی سیکیورٹی سسٹم سے زیادہ معاون ہے کیونکہ اس کی وجہ سے اسکریننگ سسٹم پر آنے والی لاگت ختم ہوجائے گی اور نہ ہی لوگوں کے ذاتی بیگز وغیرہ کو کھول کر چیک کرنا پڑے گا جب کہ اس وقت جو سیکیورٹی اسکریننگ سسٹم استعمال کیا جارہا ہے، اس میں زیادہ اہلکاروں اور آلات کی ضرورت پیش آتی ہے جس سے وقت کا بھی ضیاع ہوتا ہے۔