وزیراعظم عمران خان کی کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت
مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر فائرنگ میں اضافہ کر دیا ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور کے مطابق تین پاکستانی سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کی اور پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور کئی کو زخمی کیا اور بنکر تباہ کر دیئے۔وزیراعظم عمران خان نے کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی ہے۔انہوں نے بھارتی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہیوں کے لئے جنت میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔