جعلی اکاؤنٹس کیس: عدالت نے آصف زرداری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے آصف زرداری کو 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق صدر آصف زرداری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے نیب کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ میں آصف زرداری سے تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا تھا، جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر کا 62 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے۔ آصف علی زرداری کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔