پاکستان کا عالمی برادری پر کشمیریوں کی مشکلات دور کرنے کیلئے اقدامات پر زور
پاکستان نے عالمی برادری اور برادر ملکوں پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول اور ان کی مشکلات دور کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ ڈی ایٹ کمشنروں کے خصوصی ورچوئل اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کے کمشنر طارق کریم نے شرکاء کو بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ وسیع عالمی مذمتوں کے باوجود بھارتی قابض فورسز کشمیریوں پرمظالم ڈھا رہی ہیں اورانھیں شہریت سے محروم کررہی ہیں۔ کرونا وائرس کے باعث صحت اور معیشت کے غیرمعمولی عالمی چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سمارٹ لاک ڈائون سمیت حکومت کے دیگر اقدامات سے پاکستان میں خاصی بہتری آئی اور نئے کیسز اور اموات میں بہت کمی ہوئی ۔ اجلاس میں ڈھاکہ میں دسویں ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کی تیاریوں سے متعلق اموربھی زیر غورآئے۔