لاہور ہائیکورٹ: لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کی بطور چیئرمین واپڈا تعیناتی چیلنج
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی بطور واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) چیئرمین تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا اور درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔لاہور ہائی کورٹ میں شہری محمد دانیال نذیر راٹھور نے میاں داؤد ایڈووکیٹ کے ذریعے چیئرمین واپڈا کی تعیناتی کے خلاف آئینی درخواست دائر کی، جس کو رجسٹرار آفس نے سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید کل (17 اگست) کو واپڈا چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت کریں گے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی میرٹ اور قانون کی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت منظور نظر افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کر کے نواز رہی ہے۔