فرانس میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں تبدیلی پینل کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر سینئر راہنماؤں کی مبارکباد۔
پیرس(صاحبزادہ عتیق سے ) جمہوریت جمہوریت کا شور مچانے والی پاکستان کی کم و بیش تمام سیاسی جماعتوں میں عملاً آمریت کا راج ہے ۔ رکنیت سازی اور تنظیم سازی کا عمل مفقود ہوچکا ہے۔
یونین کونسل سے لیکر مرکزی قیادت تک عہدے میرٹ کی بجائے
ذاتی پسند و ناپسند کی بناء پر بانٹے جاتے ہیں۔ اور سیاسی و نظریاتی کارکنوں کی بجائے ذاتی ملازموں ، دوستوں یا سرمایہ مہیا کرنے والوں کو اہم ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔ لیکن تحریک انصاف میں رکنیت سازی اور الیکشن کے ذریعے عہدے دار چننے کا عمل جاری ہے اور خصوصی طور پر بیرون ملک تنظیم سازی کے لئے صرف پیڈ ممبر ہی ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔ گزشتہ دنوں یورپ میں تحریک انصاف کی تنظیم سازی کے لئے الیکشن ہوئے۔ اس الیکشن میں فرانس سے تبدیلی پینل اور جنون پینل نے حصہ لیا۔ اور پی ٹی آئی فرانس کا انٹرا پارٹی الیکشن تبدیلی پینل نے جنون پینل کے 17 ووٹوں کے مقابلے میں 301 ووٹ حاصل کرکے بھاری اکثریت سے جیت لیا۔
تبدیلی پینل کے امیدوار صدر میاں ذوالفقار جتالہ ، نائب صدر چوہدری افضال ڈھل ,سیکریٹری جنرل اصغر برہان ,اور سیکریٹری انفارمیشن آصفہ ہاشمی بھاری اکثریت سے منتخب ہوگئے۔
نومنتخب صدر میاں ذوالفقار جتالہ نے اپنے پیغام میں تحریک انصاف فرانس کے تمام کارکنوں کی طرف سے ان پر اور ان کے ساتھیوں پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ وہ تمام کارکنوں بشمول ہارنے والے جنون پینل کے امیدواروں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور پی ٹی آئی کو پاکستان کی طرح یورپ کی سب سے بڑی پارٹی بنائیں گے۔
فرانس میں تحریک انصاف کے سینئر راہنماؤں چوہدری گلزار لنگڑیال ، چوہدری منور جٹ ، ابرار کیانی ، ابوبکر گوندل ، شیخ نعمت اللہ ، سلیم جپھہ ، زاہد ہاشمی ، چوہدری طارق ندیم ، مظہر گوندل ، ملک سعید اعوان ،آصف چوہدری ، سجاد خان ، چوہدری اعجاز جٹ ، حاجی ابرار اعوان ، ملک عاکف غنی ، عاطف مغل دیگر راہنماؤں اور تارکین وطن راہنماؤں نے پی ٹی آئی کے نومنتخب عہدے داروں کو مبارکباد دی ۔