ڈالر کی قیمت مارکیٹ سے منسلک،ڈالر مہنگا ہونے کا معاملہ وزیرخزانہ کے علم میں تھا: گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ
گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے، مہنگا ہونے کا معاملہ وزیرخزانہ اسد عمر کے علم میں تھا اور وہ پہلے ہی اس معاملے پر اپنی وضاحت دے چکے ہیں۔پنجاب ریونیو اتھارٹی ہیڈ کوارٹر میں ادائیگیوں کے آن لائن سسٹم کی افتتاحی تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کے ہمراہ وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے تقریب میں شرکت کی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کا سسٹم کاروباری طبقے کیلئے بہت سود مند ہے،ٹیکس کا ڈیجیٹل نظام ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ روپے کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،جبکہ ڈالر کی قیمتکے حوالے سے وزیر خزانہ بیان دے چکے ہیں،انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے سو روزہ پلان میں ڈیجیٹل سسٹم شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادائیگیوں کو ڈیجیٹل آن لائن پیمنٹ کی طرف لا رہے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے موبائل ٹیکس ختم کیا جس سے ٹیکس نیٹ پر فرق پڑا ہے۔اس موقع پر وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ ہم بزنس کرنے والوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔