دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہو سکتی : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایات جاری کیں ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو اجاگر کریں۔دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل 14 کشمیری بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوئے اور کُل 300 سے زائد کشمیریوں کو زخمی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے اور گزشتہ ماہ نومبر میں 18 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا، دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہو سکتی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 2016 میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے شدت پکڑ لی اور پوری دنیا کی توجہ اس ظلم و بربریت کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں کیوں کہ بھارتی فوج کا ایک ہی مقصد واضح ہے کہ کشمیریوں کا قتل عام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی حالیہ صورتحال پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری، ہیومن رائٹس کمیشن اور اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بند کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔