حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،مجھ پر کسی قسم کا کوئی دبا ونہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اور مجھ پر کسی قسم کا کوئی دبا ونہیں، ہم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی کوئی پیشکش نہیں کی اور ڈائیلاگ کا بہترین فورم تو پارلیمنٹ ہے، پشاور میں وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے دن کہا تھا یہ سارے چور ڈاکو اکھٹے ہو جائیں گے، آج پی ڈی ایم کے نام پر یہ سارے ایک ہو چکے ہیں، یہ کہتے ہیں ہم نے کب این آر او مانگا، انہوں نے نیب ترامیم کے معاملے پر لکھ کر 34 صفحات کا این آر او مانگا، انہوں نے جو ترامیم دیں اسکا مطلب نیب کو دفن کرنے کے مترادف تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ جب یہ لاہور جلسہ کررہے تھے تو پوری قوم نے دیکھا میں کیا کررہا تھا، ، اپوزیشن بڑے جلسے کررہی ہے، میں چاہوں تو اب بھی ان سے بڑا جلسہ کر سکتا ہوں، لیکن مجھے عوام کو کورونا سے بچانے کی فکر ہے۔عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن وقت سے پہلے کروائیں گے، ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لیے شو آف ہینڈز کے ذریعے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے، شو آف ہینڈز کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کررہے ہیں،اٹارنی جنرل نے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی، ماضی میں سینیٹ کے انتخابات پر پیسہ چلتا تھا، ہم نے اپنے 20 ایم پی ایز کو ہارس ٹریڈنگ پر پارٹی سے نکالا، ہم حکومت میں ہیں، ہم چاہیں تو خفیہ رائے شماری کا فائدہ لے سکتے ہیں، لیکن بے شک ہمیں فائدہ نہ ہو، سینیٹ انتخابات شفاف طریقے سے ہونے چاہئیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے خلاف کیسز ہماری حکومت میں نہیں بنے، اپوزیشن جن کیسز کا سامنا کر رہی وہ ماضی میں قائم ہوئے، یہ کہتے ہیں ہم نے کب این آر او مانگا، انہوں نے نیب ترامیم کے معاملے پر لکھ کر این آر او مانگا، انہوں نے جو ترامیم دیں اس کا مطلب نیب کو دفن کرنے کے مترادف تھا۔