کل سعودی ولی عہدکے پاکستان کے دورے پراُن کاپرتپاک خیرمقدم کیاجائے گا
سعودی عرب کے ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کے دوروزہ سرکاری دورے پرکل (اتوار) اسلام آباد پہنچیں گے۔اعلیٰ اختیاراتی وفد بھی ولی عہد کے ہمراہ ہوگا جس میں سعودی شاہی خاندان کے افراد، اہم وزرا اور ممتازتاجرشامل ہوں گے۔اپریل دوہزارسترہ میں ولی عہد کامنصب سنبھالنے کے بعد سعودی ولی عہد کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔اپنے دورے کے دوران ولی عہد محمدبن سلمان صدرڈاکٹرعارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات کریںگے۔سینیٹ کاایک وفد بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کرے گا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے مختلف طریقوں پرغور کیاجائے گا۔ولی عہد کے ہمراہ آنے والے سعوی وزرا اپنے ہم منصب وزرا سے ملیں گے اور ملاقاتوں میں متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پربات چیت کی جائے گی۔سعودی ولی عہد کے دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پردستخط کئے جائیں گے۔دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں موثراور فوری پیشرفت یقینی بنانے کے مختلف طریقوں پر بھی بات چیت کریں گے۔