چین میں زیر تعلیم طلباء اقتصادی راہداری پیشرفت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، خسرو بختیار
منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات کے وزیر خسرو بختیار نے ہنرمند افرادی قوت کی فوری دستیابی کے لئے مختلف شعبوں میں چین میں زیرتعلیم پاکستانی طلباء کے اعداد و شمار اکٹھے کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے آج اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء کے ایک وفد سے ملاقات میںکہا کہ اس افرادی قوت کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فریم ورک کے تحت مختلف شعبوں میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے کیونکہ بڑے منصوبے کا دائرئہ کار وسیع ہوتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے دائرئہ کار میں زراعت کی ترقی ، غربت میں کمی، ہنرمندی کے فروغ اور اقتصادی و سماجی تعاون کو بھی شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً پچیس ہزار پاکستانی طلباء اس وقت چین میں زیرتعلیم ہیں اور وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں پیش رفت میں اہم کردارادا کر سکتے ہیں اور اسے کامیاب بنا سکتے ہیں