فوادچوہدری نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی الزامات کو بے بنیاد قراردے دیا
اطلاعات ونشریات کے وزیرفوادچوہدری نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی الزامات کو قطعی غلط اوربے بنیاد قراردیاہے۔ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کی بجائے امن اور رواداری کو فروغ د ے رہاہے۔وزیراطلاعات نے بھارتی حکومت کے رویے کو نہایت افسوسناک قراردیا جو کسی ثبوت اورتحقیقات کے بغیر اس طرح کے واقعات کے حوالے سے پاکستان کوموردالزام ٹھہراتی ہے۔فوادچوہدری نے کہاکہ پاکستان میں لوگوں کو آزادی حاصل ہے اور انسانی حقوق کااحترام کیاجاناچاہیے جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کاارتکاب کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بھارت سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہشمندہے اوراس سلسلے میں کرتارپورسرحدکھولنے کااقدام جذبہ خیرسگالی پرمبنی تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں ا من کی بحالی میں بھی اپنا کردارادا کررہاہے اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات کررہاہے۔