وزیراعظم کوئی ایک وعدہ تو پورا کریں، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے وزیراعظم اپنی کسی بات پر تو قائم رہیں، کوئی ایک وعدہ تو پورا کریں۔ خود کو احتساب سے بالاتر سمجھنے والے دوسروں کا احتساب نہیں کرسکتے۔ منصورہ لاہور میں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کو ”زیادہ یوٹرنز لینے والا بڑا آدمی “ کا فلسفہ چھوڑنا ہوگا۔ حکومت کا کوئی منشور ہے اور نہ یہ کسی نظریے کی بنیاد پر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ عوام حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کرتے ہیں۔ جھونپڑیوں والوں نے عالی شان محلوں کا محاصرہ کرلیا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ظلم و جبر کا استحصالی نظام اب ختم ہونے والا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ظلم کے نظام پر خاموش رہنا سب سے بڑی منافقت ہے۔ قوم نے جرنیلوں اور سیاسی پارٹیوں کو بار بار آزمایا، لیکن یہ بات طے ہے کہ نظام مصطفیٰ ﷺ کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے