پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر، نفاذ آج سے ہوگا
ریاض : سعودی عرب نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر کردیں، نئے نرخ آج 16 فروری سے نافذ العمل ہوں گے، اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمنتوں کا تعین ہر ماہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی آرامکو نے پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا ہے، اس خبر سے متعلق ذرائع نے سعودی آرامکو کے حوالے سے بتایا ہے کہ نئے نرخ آج بروز اتوار 16 فروری سے نافذ العمل ہوں گے۔ سعودی آرامکو کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول91 اتوار سے ایک ریال55 ہللہ فی لٹر جبکہ پٹرول 95 دوریال11 ہللہ فی لٹر فروخت کیا جائے گا۔ آرامکو کے مطابق اب ہر ماہ کی دس تاریخ کو پٹرول کے نرخوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ اس کا اطلاق ہر ماہ کی گیارہ تاریخ سے ہوگا۔ واضح رہے کہ نئے سال کے آغاز پر خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، قطر اور عمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر کی تھیں، جس کا اطلاق بھی یکم جنوری 2020سے ہوچکا ہے، البتہ سعودی عرب نے جب تک ایسا فیصلہ نہیں کیا تھا۔ قطر اور عمان سے پہلے متحدہ عرب امارات نے مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا تھا۔