طاہر القادری آئین کے نام پر غیر آئینی کام کی ترغیب دے رہے ہیں. سینیٹر رضا ربانی
سندھ ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تحلیل کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔ آرٹیکل تیرہ کے تحت الیکشن کمیشن کے کسی فرد کو ہٹانے کے لیے مس کنڈکٹ کا ریفرنس سپریم جوڈیشل کونس کو بھیجا جاسکتا ہے ۔ان کاکہناتھا کہ آئین میں حکومت کوہٹانے کا طریقہ کارواضح ہے۔ نگراں حکومت بنانے کے لیے مشاورت میں فوج اور عدلیہ کو شامل نہیں کیا جاسکتا۔پاکستان کے آئین میں تینوں اداروں کا دائرہ اختیار موجود ہے ۔ رضا ربانی نے کہا کہ آئین میں ترمیم صرف پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے انہوں نے کہا کہ طاہر القادری غیر آئینی اقدامات اور مطالبات کی آڑ میں اپنے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں ۔وہ الیکشن لڑیں اور پارلیمنٹ میں آکر ترمیم کریں ۔ہزاروں لوگوں کو سڑکوں پر بٹھا کر ایسے مطالبہ کرنا مناسب نہیں ۔ رضاربانی نےکہاتمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکرسسٹم کو ڈی ریل ہونے سے بچائیں